ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ای وی ایم ہیکنگ کے جھوٹے دعوے پر ممبئی پولیس کا ایکشن، ایف آئی آر درج

ای وی ایم ہیکنگ کے جھوٹے دعوے پر ممبئی پولیس کا ایکشن، ایف آئی آر درج

Sun, 01 Dec 2024 17:27:55  SO Admin   S.O. News Service

ممبئی، یکم دسمبر (ایس او نیوز /ایجنسی)ممبئی سائبر پولیس نے الیکشن کمیشن کی شکایت پر ایک شخص کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی ہے۔ یہ کارروائی ایک ویڈیو کے بارے میں کی گئی ہے جو سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی تھی، جس میں شخص نے ای وی ایم ہیک کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔ یہ ویڈیو ’انڈیا ٹوڈے‘ کی خصوصی تحقیقات میں سامنے آیا تھا، جس میں ایک نوجوان نے کہا تھا کہ وہ ای وی ایم کو ہیک کر سکتا ہے اور نتائج کو کچھ سیاسی جماعتوں کے حق میں تبدیل کر سکتا ہے۔ نوجوان نے یہ بھی کہا کہ وہ امریکی محکمہ دفاع کی ٹیکنالوجی کے طریقوں کا استعمال کر کے ای وی ایم ہیک کر سکتا ہے۔ اس ویڈیو کو نہ صرف عام لوگوں نے بلکہ کچھ سیاسی رہنماؤں نے بھی شیئر کیا تھا۔

 الیکشن کمیشن نے سوشل میڈیا پر وائرل ہوئے ویڈیو کے بعد سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ بھی شیئر کیا۔ جس میں الیکشن کمیشن نے ایک بار پھر وضاحت دینے کی کوشش کی ہے کہ ای وی ایم سے کسی قسم کا چھیڑ چھاڑ کیا جانا ناممکن ہے۔ الیکشن کمیشن نے ’ایکس‘ پر کیے پوسٹ میں لکھا کہ ’’ای وی ایم کے بارے میں جھوٹا دعویٰ: کچھ سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے ایک ویڈیو شیئر کیا گیا ہے جس میں ایک شخص ای وی ایم کی فریکوئنسی کو الگ کر کے مہاراشٹر انتخابات میں ای وی ایم ہیک کرنے اور چھیڑ چھاڑ کرنے کا جھوٹا اور بے بنیاد دعویٰ کر رہا ہے۔‘‘

قابل ذکر ہے کہ ای وی ایم کے حوالے سے ہمیشہ سے الیکشن کمیشن پر سوال اٹھتا رہا ہے۔ حالیہ مہاراشٹر انتخاب کے بعد بھی سیاسی جماعتوں نے ای وی ایم پر سوال اٹھایا ہے اور اسے بند کر کے بیلٹ پیپر سے انتخاب کرانے کی الیکشن کمیشن سے مانگ بھی کی ہے۔ ای وی ایم کو ہیک کیے جانے سے متعلق 30 نومبر 2024 کو این سی پی۔ایس پی کے صدر شرد پوار نے کہا کہ ’’ای وی ایم کو ہَیک کیا جا سکتا ہے۔ ہمیں کچھ لوگوں نے پریزنٹیشن لیکن ہم نے اس پر یقین نہیں کیا۔ اب معلوم ہو گیا ہے کہ ای وی ایم کو ہَیک کیا جا سکتا ہے۔‘‘


Share: